نارمل بلڈ شوگر حد: کیا نارمل ہے اور آپ کو کب فکر مند ہونا چاہیے؟
بلڈ شوگر کی سطح دن بھر میں مختلف عوامل کی وجہ سے تبدیل ہوتی رہتی ہے، جیسے آپ کیا کھاتے ہیں، کتنی جسمانی سرگرمی کرتے ہیں، اور یہاں تک کہ آپ کا ذہنی دباؤ بھی اس پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔ ان قدرتی تبدیلیوں کی وجہ سے اکثر لوگ یہ سمجھ نہیں پاتے کہ آیا ان کی بلڈ شوگر نارمل ہے یا بڑھی ہوئی ہے۔
نارمل بلڈ شوگر رینج کو سمجھنا آپ کو اپنی صحت کے بارے میں بہتر فیصلے کرنے میں مدد دیتا ہے اور ذیابیطس (شوگر) کی ابتدائی علامات کو پیچیدگیاں پیدا ہونے سے پہلے پہچاننے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
بلڈ شوگر کیا ہے؟
بلڈ شوگر، یعنی کہ خون کے اندر شکر کی مقدار، جو جسم کے خلیوں کے لیے توانائی کا بنیادی ذریعہ ہے۔ یہ زیادہ تر اُن کاربوہائیڈریٹس سے حاصل ہوتی ہے جو ہم عام طور پر کھانے میں استعمال کرتے ہیں، مثلاً روٹی، چاول، ڈبل روٹی، نشاستہ والی سبزیاں آور دالیں یا آلو وغیرہ۔
کھانا کھانے کے بعد شکر خون میں داخل ہو جاتی ہے۔ اس کے بعد لبلبہ (Pancreas) انسولین نامی ہارمون خارج کرتا ہے جو شکر کو خون سے خلیوں تک پہنچانے میں مدد دیتا ہے تاکہ وہ جسم میں توانائی کے طور پر استعمال ہو سکے۔
جب یہ نظام درست طریقے سے کام کرتا ہے تو خون کی شکر کی مقدار صحت مند حد میں رہتی ہے۔
مسئلہ اُس وقت پیدا ہوتا ہے جب بلڈ شوگر مسلسل بہت زیادہ یا بہت کم ہو جائے۔
بالغ افراد میں نارمل بلڈ شوگر رینج
زیادہ تر صحت مند بالغ افراد میں، جنہیں ذیابیطس نہیں ہوتی، بلڈ شوگر کی درج ذیل حدود مدِنظر رکھی جاتی ہیں:
| ٹیسٹ | نارمل رینج |
|---|---|
| نہار منہ یا فاسٹنگ بلڈ شوگر | 70–99 mg/dL |
| کھانے کے 2 گھنٹے بعد | 140 mg/dL سے کم |
| دن کے کسی بھی وقت / رینڈم بلڈ شوگر | 140 mg/dL سے کم |
| HbA1c | 5.7% سے کم |
مختلف لیبارٹریوں میں شوگر ریڈنگز میں معمولی فرق ہو سکتا ہے، لیکن طبی طور پر یہی حدود عام طور پر قبول کی جاتی ہیں۔
فاسٹنگ بلڈ شوگر کی نارمل حد
اب جانتے ہیں کہ فاسٹنگ بلڈ شوگر کیا ہوتی ہے۔ فاسٹنگ بلڈ شوگر وہ ریڈنگ ہوتی ہے جب آپ نے کم از کم 8 گھنٹے تک کچھ کھایا پیا نہ ہو۔ فاسٹنگ کے دوران صرف پانی پیا جا سکتا ہے۔ فاسٹنگ بلڈ شوگر ذیابیطس کی تشخیص کے لیے سب سے زیادہ استعمال ہونے والے ٹیسٹوں میں سے ایک ہے۔
فاسٹنگ بلڈ شوگر کی تشریح
- 70–99 mg/dL: نارمل
- 100–125 mg/dL: پری ذیابیطس (Prediabetes)
- 126 mg/dL یا اس سے زیادہ: ذیابیطس (بار بار ٹیسٹ میں تصدیق کے بعد)
اگر آپ کی فاسٹنگ بلڈ شوگر بار بار 100 mg/dL سے زیادہ آتی ہے تو مزید جانچ اور مشورے کے لیے ڈاکٹر سے رابطہ کرنا مفید ہو سکتا ہے۔
کھانے کے بعد کی بلڈ شوگر (Post Meal Blood Sugar)
کھانا کھانے کے بعد بلڈ شوگر کا بڑھنا بالکل نارمل بات ہے۔ جسم اس اضافے کی توقع کرتا ہے اور انسولین کے ذریعے اسے توانائی میں تبدیل کر کے دوبارہ کم کرتا ہے۔
صحت مند افراد میں:
- بلڈ شوگر عموماً کھانے کے 1 سے 2 گھنٹے بعد اپنی بلند ترین سطح پر پہنچتی ہے۔
- 2 گھنٹے بعد یہ عموماً 140 mg/dL سے کم ہونی چاہیے۔
- اس کے بعد بلڈ شوگر آہستہ آہستہ فاسٹنگ لیول کے قریب واپس آ جاتی ہے۔
اگر کھانے کے بعد بلڈ شوگر مسلسل زیادہ رہے تو یہ انسولین ریزسٹنس یا ابتدائی ذیابیطس کی علامت ہو سکتی ہے۔
HbA1c: گزشتہ 3 ماہ کی بلڈ شوگر کی رپورٹ
ایک عام بلڈ شوگر ٹیسٹ کے برعکس، HbA1c گزشتہ 2 سے 3 ماہ کے دوران آپ کی اوسط بلڈ شوگر کو ظاہر کرتا ہے۔ ڈاکٹر اس ٹیسٹ کو ذیابیطس کی تشخیص اور طویل مدتی کنٹرول جانچنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
HbA1c نتائج
- 5.7% سے کم: نارمل
- 5.7%–6.4%: پری ڈایابیٹیز یا ذیابیطس کے قریب
- 6.5% یا اس سے زیادہ: ذیابیطس
چونکہ HbA1c طویل مدت کے رجحانات کو ظاہر کرتا ہے، اس لیے اسے اکثر ایک ہی بلڈ شوگر ریڈنگ کے مقابلے میں زیادہ قابلِ اعتماد سمجھا جاتا ہے۔
پری ڈایابیٹیز: ذیابیطس سے پہلے کا مرحلہ
پری ڈایابیٹیز اُس حالت کو کہتے ہیں جب بلڈ شوگر نارمل سے زیادہ ہو لیکن اتنی زیادہ نہ ہو کہ اسے ذیابیطس قرار دیا جائے۔
بہت سے لوگوں کو پری ڈایابیٹیز ہونے کے باوجود کوئی علامت محسوس نہیں ہوتی۔
خوش آئند بات یہ ہے کہ وزن کم کرنے، متوازن غذا اپنانے اور باقاعدہ ورزش کرنے سے آپ ٹائپ 2 ذیابیطس کے خطرے کو کم یا مؤخر کر سکتے ہیں۔
زیادہ بلڈ شوگر کی علامات
جب بلڈ شوگر بڑھ جائے (Hyperglycemia) تو درج ذیل علامات ظاہر ہو سکتی ہیں:
- زیادہ پیاس لگنا
- بار بار پیشاب آنا
- تھکاوٹ
- دھندلا نظر آنا
- سر درد
- زخموں کا دیر سے بھرنا
- بغیر وجہ وزن کم ہونا
اگر یہ علامات بار بار ظاہر ہوں تو بلڈ شوگر ٹیسٹ کروانا ضروری ہوتا ہے۔
کم بلڈ شوگر کی علامات
کم بلڈ شوگر یعنی کہ (Hypoglycemia) عام طور پر ذیابیطس کے مریضوں میں انسولین کے استعمال کی وجہ سے ہو سکتی ہے، لیکن بعض اوقات دیگر افراد میں بھی ہو سکتی ہے۔
اس کی عام علامات میں:
- جسم کا کانپنا
- زیادہ پسینہ آنا
- شدید بھوک لگنا
- چکر آنا
- دل کی دھڑکن تیز ہونا
- الجھن یا کنفیوژن
- چڑچڑا پن
شدید ہائپوگلیسیمیا کا بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں جان بھی جا سکتی ہے۔
بلڈ شوگر کو متوازن رکھنے کے لیے کیا کریں؟
روزمرہ کی چند آسان عادات آپ کے شوگر کنٹرول پر بہت بڑا فرق ڈال سکتی ہیں:
- سبزیاں، پروٹین اور فائبر سے بھرپور متوازن غذا کھائیں
- میٹھے مشروبات اور پراسیسڈ غذاؤں کا استعمال کم کریں
- ہفتے کے زیادہ تر دن ہلکی پھلکی ورزش یا چہل قدمی کریں
- صحت مند وزن برقرار رکھیں
- مناسب نیند لیں
- ذہنی دباؤ کو مؤثر طریقے سے کنٹرول کریں
اس سے جسم میں انسولین بہتر طریقے سے کام کرے گی اور خلیوں کی انسولین کو استعمال کرنے کی صلاحیت بڑھ جائے گی۔
اگر آپ کو ذیابیطس ہے تو ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل ضرور کریں۔
خلاصہ
نارمل بلڈ شوگر عام طور پر فاسٹنگ حالت میں 70–99 mg/dL اور کھانے کے دو گھنٹے بعد 140 mg/dL سے کم ہوتی ہے۔
اگر آپ کی بلڈ شوگر کی ریڈنگز مسلسل نارمل حدود سے باہر آ رہی ہیں تو مناسب تشخیص اور رہنمائی کے لیے کسی مستند ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔
دستبرداری (Disclaimer): یہ مضمون صرف تعلیمی اور معلوماتی مقاصد کے لیے ہے اور اسے طبی مشورہ نہیں سمجھنا چاہیے۔ بلڈ شوگر کے ہدفی لیول عمر، حمل، ادویات اور انفرادی صحت کی صورتحال کے مطابق مختلف ہو سکتے ہیں۔ تشخیص، علاج یا بلڈ شوگر سے متعلق کسی بھی تشویش کے لیے ہمیشہ مستند طبی ماہر سے مشورہ کریں۔
Comments
Post a Comment