روزے کے فوائد سائنس کی رؤ سے
روزے کی حالیہ مقبولیت میں اضافے کے باوجود، روزہ ایک ایسا عمل ہے جس پر صدیوں سے عمل ہورہا ہے اور بہت سی ثقافتوں اور مذاہب میں روزے کو مرکزی اہمیت حاصل ہے۔
بظاہر روزہ ایک مقررہ مدت کے لیے کھانے پینے اور مشروبات سے پرہیز کا نام ہے، لیکن درحقیقت یہ اپنے پروردگار کی قربت حاصل کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ اس دوران انسان حلال چیزوں سے بھی اپنے آپ کو روکے رکھتا ہے اور اپنے رب سے اپنی محبت کا اظہار کرتا ہے۔
روزے کے بے شمار فوائد ہیں، جن میں سے چند اہم فوائد یہاں بیان کیے جا رہے ہیں۔
روزے میں دماغی افعال میں اضافے سے لے کر وزن میں کمی تک کئی صحت بخش فوائد پوشیدہ ہیں۔
بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مدد
متعدد مطالعات سے پتہ چلا ہے کہ روزہ رکھنے سے بلڈ شوگر کنٹرول میں بہتری آسکتی ہے، جو خاص طور پر ذیابیطس کے مریضوں کے لیے مفید ثابت ہوسکتی ہے۔
انسولین کے خلاف مزاحمت میں کمی جسم کو انسولین کے لیے زیادہ حساس بناتی ہے، جس سے خون میں موجود گلوکوز زیادہ مؤثر طریقے سے خلیوں تک منتقل ہوسکتا ہے۔
روزہ بلڈ شوگر کو مستحکم رکھنے میں مدد دیتا ہے اور اس کی سطح میں اچانک اتار چڑھاؤ کو بھی کم کرسکتا ہے۔
سوزش کا مقابلہ کرکے بہتر صحت کو فروغ دیتا ہے
اگرچہ شدید سوزش ایک عام مدافعتی عمل ہے جو انفیکشن سے لڑنے میں مدد دیتا ہے، لیکن دائمی سوزش صحت کے لیے سنگین نتائج پیدا کرسکتی ہے۔
کچھ مطالعات سے معلوم ہوا ہے کہ روزہ سوزش کے مختلف اشاریوں کو کم کرسکتا ہے اور سوزش سے جڑی بعض بیماریوں کے خطرات میں بھی کمی لا سکتا ہے۔
ہائی بلڈ پریشر اور دل کی صحت کے لیے مفید
دل کی بیماری دنیا بھر میں اموات کی ایک بڑی وجہ سمجھی جاتی ہے۔ غذا اور طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلیاں دل کی بیماری کے خطرے کو کم کرنے کا مؤثر طریقہ ہیں۔
تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ روزہ دل کی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔
روزہ بلڈ پریشر، ٹرائگلیسرائڈز اور کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
دماغی صحت کا فروغ
روزہ دماغی صحت کے لیے ایک طاقتور ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔
یہ ذہنی کارکردگی اور علمی افعال کو بہتر بنانے میں مدد کرسکتا ہے جبکہ بعض مطالعات کے مطابق اعصابی خلیوں کی تخلیق کے عمل کو بھی فروغ دے سکتا ہے۔
وزن میں کمی کے لیے مددگار
بہت سے لوگ وزن کم کرنے کے لیے روزے کو ایک مؤثر طریقہ سمجھتے ہیں۔
روزہ رکھنے سے نیورو ٹرانسمیٹر نورایپی نیفرین (Norepinephrine) کی سطح میں اضافہ ہوسکتا ہے، جو جسم میں چربی کے استعمال کو بڑھانے میں مدد دیتا ہے۔
پٹھوں کو زیادہ نقصان پہنچائے بغیر اضافی چربی کم کرنے میں روزہ مفید ثابت ہوسکتا ہے۔
خود پر بہترین قابو
روزہ خود پر قابو پانے کی بہترین مشق ہے۔ اگر کوئی شخص سگریٹ نوشی یا کسی اور عادت کا شکار ہو تو روزہ اسے اپنی خواہشات پر قابو پانے میں مدد دے سکتا ہے۔
یہ عبادت صبر، برداشت اور جذباتی توازن پیدا کرتی ہے اور انسان کو اپنے غصے اور رویوں پر قابو پانے کی تربیت دیتی ہے۔
کینسر کی روک تھام میں ممکنہ مدد
جانوروں اور لیبارٹری مطالعات سے کچھ شواہد ملے ہیں کہ روزہ کینسر کے علاج یا روک تھام میں فائدہ مند ہوسکتا ہے، تاہم اس موضوع پر مزید تحقیق جاری ہے اور حتمی نتائج کے لیے مزید سائنسی شواہد درکار ہیں۔
ذہنی سکون کا ذریعہ
روزہ ان عبادات میں سے ایک ہے جو اپنے رب سے والہانہ محبت کا اظہار ہے۔ روزے کے دوران انسان ان چیزوں سے بھی دور رہتا ہے جو عام حالات میں اس کے لیے حلال ہوتی ہیں۔
روزہ انسان کو برداشت، صبر اور ذہنی سکون عطا کرتا ہے۔ یہ ایک ایسی عبادت ہے جس پر اپنے رب کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے۔
Comments
Post a Comment